اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے توہینِ کمیشن کے کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
ذرائع کے مطابق وارنٹ گرفتاری توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر جاری کیے گئے، جس کے تحت تینوں رہنماؤں کو 50، 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی مسترد کردیں۔
خیال رہے کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں حاضری سے استثنیٰ مانگا تھا، جس پر الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت میں عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عندیہ دیا تھا۔