اسلام آباد: وزیرِاعظم عمران خان نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر کے ضمن میں مزید مراعات فراہم کرنے پر غور کیا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ملکی ترسیلاتِ زر میں اضافے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ خزانہ، وزیرِ اقتصادی امور، مشیرِ تجارت، معاونینِ خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی اور ریونیو شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں، اوورسیز پاکستانیز کی بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر کا ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو سہولتوں اور مراعات کیلئے حکومت پر عزم ہے، ان کی دیگر معاشی ضرورتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مفصل و منظم منصوبہ بندی کی جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں مستقبل کے اہداف مرتب کر کے حصول کے لیے حکمتِ عملی تشکیل دی جائے۔
اجلاس میں اسٹیٹ بینک کے حکام کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترسیلاتِ زر کی مد میں اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات دینے کی پالیسی کے خاطر خواہ ثمرات برآمد ہو رہے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مد میں 10 ماہ میں اب تک 1 اعشاریہ 561 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں، مالی سال 2018ء سے اب تک کورونا وائرس کے باوجود ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافہ سامنے آیا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ”نیشنل ریمیٹنس لائلٹی پروگرام“ کا اجراء جلد کر دیا جائے گا، اس پروگرام کے ذریعے ایک موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی جائے گی