برازیلیا: والدین کی تمنا پوری ہوئی، سر سے جُڑے جڑواں بھائیوں کا کامیاب آپریشن، دونوں تیزی سے روبہ صحت ہیں، آپریشن کے بعد دونوں بھائیوں کے لیے پہلی بار ایک دوسرے کا چہرہ دیکھنا ممکن ہوا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق برازیل میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سر سے جُڑے 2 بچوں کو کامیاب آپریشن کے بعد الگ کردیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ انتہائی پیچیدہ آپریشن تھا، کیونکہ دونوں بھائیوں کے جسم کی کئی خون کی شریانیں آپس میں جُڑی ہوئی تھیں۔
برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو کے اسپتال میں 3 سال سے زیادہ زندگی گزارنے والے جڑواں بھائی آرتھر اور برنارڈ کو الگ کرنے کے لیے آپریشن جون میں شروع کیا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ابتدا میں اس بات کا یقین نہیں تھا کہ دونوں بھائی انتہائی پیچیدہ آپریشن کے بعد زندہ رہ پائیں گے۔
جڑواں بھائیوں کو علیحٰدہ کرنے کے بعد ان کی والدہ نے اشک بار آنکھوں سے بتایا کہ ہم 4 سال تک اسپتال میں اِس اُمید کے ساتھ رہے کہ ہمارے بچے کامیاب آپریشن کے بعد صحت مند حالت میں ہمارے ساتھ ہوں۔ واضح رہے کہ جسمانی طور پر الگ ہونے والے دونوں بھائی تاحال اسپتال میں ہیں، جہاں طبی عملہ مکمل تن درستی تک ان کی نگرانی کرے گا۔