بھارت کیخلاف کامیابی پر صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی مبارک باد

اسلام آباد: صدر پاکستان عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھارت کے خلاف شان دار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے ٹویٹر پر قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ شاباش گرین شرٹس، مکمل صفایا کیا، 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا، ہمیں آپ پر فخر ہے، ایک اچھا میچ تھا مزا آگیا، پاکستانیوں آپ سب کو مبارک ہو۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر میچ دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی اور قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو مبارک باد اور بابر اعظم کو جنہوں نے ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کیا، رضوان اور شاہین آفریدی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمارے لیے باعث فخر ہے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے بھارت کو چاروں شانے چت کردیا، پاکستان قوم کو جیت کی ڈھیروں مبارک باد، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین اور قائد حزب اختلاف و ‎صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی اس شان دار جیت پر قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

Arif alviCOAS General Qamar Javed BajwaCongratulatesPakistan cricket teamPM Imran KhanPresident of Pakistan