قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے کراچی میں رپورٹ ہونے والے مشتبہ اومیکرون کیس کی تصدیق کردی گئی۔
کئی ممالک میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کی پاکستان میں بھی قومی ادارہ صحت کی جانب سے تصدیق کردی گئی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق اومیکرون کی تصدیق جینوم سیکوینسنگ مکمل ہونے کے بعد کی گئی، اومیکرون وائرس کا یہ پہلا تصدیق شدہ کیس ہے، اس کے رجحانات کی شناخت کے لیے مشتبہ نمونوں کی مسلسل نگرانی کی جاری ہے۔
قومی ادارہ صحت نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام این سی او سی کی جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق جلد از جلد ویکسین لگوائیں.
واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جارہا ہے۔