سمندری حیات کے تحفظ کے لیے زیر آب محفل موسیقی کا انعقاد

فلوریڈا: سمندری حیات کے تحفظ کے لیے زیر آب محفل موسیقی منعقد کرنے کا دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے۔
امریکا میں درجنوں موسیقار اور گلوکار، اسکوبا ڈائیونگ کا لباس پہنے سمندر کے اندر اترے، وہاں ایک محفلِ موسیقی کا انعقاد کیا جس کا مقصد سمندری حیات کی نرسری یعنی مرجان اور مونگے کی چٹان کا تحفظ تھا۔
فلوریڈا کے قریب، چھوٹے بڑے اہم جزائر واقع ہیں جنہیں فلوریڈا کیز کہا جاتا ہے۔ عین اس کے نیچے پانیوں میں یہ دلچسپ تقریب رکھی گئی تھی۔ اس کنسرٹ میں رنگ برنگ لباس اور یہاں تک کہ جل پریوں کا روپ میں بھی خواتین شریک ہوئیں، میوزک بجایا، گانا گیا اور کورال ریفس کی اہمیت اجاگر کی۔ واضح رہے کہ پہلے ہی اس علاقے کو ماحولیاتی تحفظ حاصل ہے، جہاں 10 ہزار مربع کلومیٹر پر محیط مرجانی چٹانوں کا ایک وسیع سلسلہ قائم ہے، لیکن یہاں چھوٹے بڑے جزائر کو ایک قطار میں شمار کیا جائے تو ان کا رقبہ بھی 200 کلومیٹر بنتا ہے۔
مرجانی چٹانیں، سمندر کے اندر بحری حیات کی نرسری کا کام کرتی ہیں۔ یہاں بھانت بھانت کے جانور رہتے، اپنی نسل بڑھاتے اور اسی کو اپنا گھر مانتے ہیں۔ زرق برق لباس پہنے کئی فنکاروں نے مرجانی چٹانوں پر گیت گائے جو ایک پائپ کی بدولت اوپر تیرتی ہوئی کشتیوں پر رکھے اسپیکر سے سنے گئے۔ اس کے علاوہ پورا کنسرٹ بھی براہِ راست ایک ریڈیو اسٹیشن پر نشر کیا گیا، جسے ہزاروں لاکھوں افراد نے سنا۔
یہ کنسرٹ مسلسل 4 گھنٹے تک جاری رہا۔

 

Music ConcertProtection of Marine LifeUnder WaterUnited states