کراچی: کامیڈی کے بے تاج بادشاہ، معروف اداکارعمر شریف کی طبیعت ہر لمحے بگڑ رہی ہے، یہ امر سنگین خدشات کو بڑھاوا دے رہا ہے۔
اُن کی اہلیہ زرین غزل کا کہنا ہے کہ عمر شریف کے لیے ایک ایک منٹ قیمتی ہے، اگر انہیں امریکا منتقل نہیں کیا گیا تو ان کی یہاں اوپن ہارٹ سرجری کرنا پڑے گی جو ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
زرین غزل نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ ویزے کے لیے کوشش کی جارہی ہے، امید ہے کہ ویزا جلد جاری ہوجائے گا۔
دل کے عارضے میں مبتلا عمر شریف کی طبیعت میں تاحال بہتری نہیں آسکی اور وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
زرین غزل نے بتایا کہ عمر شریف کے لیے ایک ایک منٹ قیمتی ہے، ہمیں اُن کے لیے ایئر ایمبولینس کی بھی ضرورت پڑے گی، کیونکہ ان کی حالت ایسی نہیں کہ وہ عام فلائٹ میں سفر کرسکیں۔
دھیان رہے اس سے قبل بھی عمر شریف کی اہلیہ زرین نے حکومت سے سفری انتظامات سے متعلق مدد طلب کی تھی۔