کولمبو: سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 563 رنز بناکر 397 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 178 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ شفیق نے ڈبل سنچری اسکور کی، انہوں نے 326 گیندوں پر 19 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 201 بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم 39 جب کہ سعود شکیل 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد 14 رنز بناکر ہیلمٹ پر گیند لگنے کے باعث ’’ریٹائرڈ ہرٹ‘‘ ہوئے جب کہ آغا سلمان 132 اور محمد رضوان 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے اسھیتا فرنینڈو نے 3 جب کہ پرباتھ جے سوریا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔
پاکستان نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ سری لنکا کی جانب سے بائیں ہاتھ کے بولر دلشان مادو شناکا ٹیم میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم میں اسیتھا فرنینڈو کو شامل کیا گیا ہے۔