راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کی خاطر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمیونسٹ پارٹی چین کے مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر یانگ جیچی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ہم اپنی تزویراتی شراکت داری کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔
یانگ جیچی نے پاکستان میں چینی اہلکاروں کے تحفظ اور علاقائی استحکام کی خاطر اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعاون میں مزید بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس ملاقات میں باہمی دل چسپی کے امور، سی پیک پر پیش رفت، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔