کراچی: کراچی سمیت سندھ بھر میں گیس لوڈ مینجمنٹ پلان پرعمل شروع ہوگیا، جس کے بعد صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز 24 گھنٹوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔
سندھ بھر کے تمام اسٹیشن صبح 8 بجے سے ہفتہ کی صبح 8 بجے تک بند رہیں گے۔ رواں ہفتے اب تک تیسری بار سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی ترسیل بند کی گئی ہے۔
ترجمان سوئی گیس کے مطابق آر ایل این جی پر چلنے والے اسٹیشن بدستور کھلے رہیں گے، آر ایل این جی اسٹیشنز کو گیس کی ترسیل بلاتعطل جاری ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف رہائشی علاقوں میں گیس بندش کی شکایات موصول ہورہی ہیں جن میں کورنگی، سائٹ، نارتھ کراچی، سپرہائی وے انڈسٹریل زون، اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ، دعا چوک، لئیق آباد، قصبہ اردو نگر کےعلاقے، لیاری جہان آباد، عیدولین، نوا لین اور چاکیواڑہ، بلدیہ سعید آباد، 24 مارکیٹ اورمتصل علاقوں میں، نیو کراچی دعا چوک، سیکٹر 11 اور سیکٹر 9 کےعلاقے، منگھوپیر میں بھی متعدد علاقوں میں گیس بندش کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔
بنارس اور سائٹ کےعلاقوں میں، قائدآباد، گلشن بونیر، لانڈھی 89، لانڈھی 4، گلستان جوہر بلاک 19 میں مختلف اپارٹمنٹس اور کورنگی ڈھائی اورتین کےعلاقے، کورنگی کراسنگ کےمختلف یونٹس میں بھی گیس کی سپلائی متاثر ہے۔