کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کو ہٹانے سے متعلق عدالتی حکم نامناسب ہے۔
کراچی میں ریسیکیو 1122 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ آئی جی سندھ کے تقرر کے لیے وفاقی حکومت سے مشاورت جاری ہے، اس وقت ہم نے قائم مقام آئی جی لگایا ہوا ہے، عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، تاہم آئی جی سندھ کو ہٹانے سے متعلق عدالتی حکم نامناسب ہے، ہائی کورٹ کے تمام احکامات کو عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی کی تقرری وفاقی حکومت کی مشاورت سے کی جاتی ہے، سینئر پولیس آفیسر کو قائم مقام آئی جی لگایا گیا ہے، عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، سندھ سے دو بچیاں غائب ہوئیں اور کم عمری میں پنجاب میں شادی کرلی، کیونکہ سندھ میں کم عمری کی شادی کی اجازت نہیں، ایک بچی تو مل گئی ہے جب کہ دوسری کی خیبرپختون خوا میں موجودگی کی اطلاع ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دعا زہرا کو لانے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مدد طلب کی ہے، دونوں صوبوں کی پولیس کے اعلیٰ حکام کے درمیان بھی رابطے جاری ہیں، امید ہے دونوں مل کر بچی کو بازیاب کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پانی کی کمی ہے اور زرعی مسائل کا سامنا ہے۔