کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے متعلق ہمیں سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی (این سی سی) کے اجلاس میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم نے آج کووڈ 19 سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس بلایا ہے، ہم اب اجلاس ہفتے میں دوبار کریں گے، 31 مارچ کواین سی سی اجلاس ہوا تھا، اُس وقت سندھ میں صورت حال بہتر تھی، لیکن اب خراب ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے درخواست کی تھی کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کی جائے لیکن اس پر اتفاق نہ ہوسکا، ہمیں سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی ٹاسک فورس کی سفارش ہے کہ انٹرسٹی اوربین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کی جائے، ہیلتھ ورکرز سمیت پولیس، ضلع انتظامیہ کو بھی ویکسین لگوانا لازمی ہے۔