کوئٹہ: صوبے کی حکمراں جماعت کے ناراض اراکین نے بلوچستان میں وزیراعلیٰ جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ناراض اراکین نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکریٹری صوبائی اسمبلی کو جمع کرادی، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے والوں میں ظہور بلیدی، سردار عبدالرحمٰن کھیتران، نصیب اللہ مری اور دیگر شامل ہیں۔
ظہور بلیدی کا تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد دیگر اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر 14 اراکین اسمبلی کے دستخط ہیں، بلوچستان اسمبلی کے اکثریتی ارکان نے جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، اسپیکر بلوچستان جلد اسمبلی اجلاس بلائیں اور تحریک عدم اعتماد پیش کریں، اور ہم وزیر اعلیٰ جام کمال کو پھر تنبیہہ کرتے ہیں کہ وہ خود استعفیٰ دے دیں۔
اس موقع پر اسد بلوچ کا کہنا تھا کہ ایک اصول ہوتا ہے کہ ایک فرد کو اجتماع کے لیے قربان کیا جاتا ہے، ہم ناراض گروپ نہیں بلکہ متحد گروپ ہیں، سیاسی بحران سے بہت سے مسائل پیدا ہوگئے ہیں، جام کمال بازی ہار گئے ہیں اب وہ بس کریں۔
ناراض رکن نصیب اللہ مری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلوچستان میں پہلے دن سے ہی اتحادی تھی اور اب بھی ہے۔