کراچی میں آج شام سے کل تک بادل برسنے کی توقع

کراچی: شہر قائد میں آج شام سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کے امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ کا ایک سسٹم سندھ پر اثرانداز ہونے والا ہے، اس وقت ہوا کا کم دباؤ راجستھان اور مشرقی سندھ میں موجود ہے، جس کے باعث جنوب مشرقی سندھ میں آج سے 20 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا بتانا ہے کہ سسٹم کے زیر اثر کراچی کے مضافات میں آج شام یا رات میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ شہر کے بیشتر مقامات پر کل بارش کے امکانات زیادہ ہیں۔
واضح رہے کہ پیر کی شب سندھ کے بعض شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے، جس کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

karachiRain ExpectedToday evening till tomorrow