پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان چٹاگانگ میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 157 پر آؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پہلی اننگ میں حسن علی نے بھی 5 شکار کیے تھے۔
تیسرے دن جب بنگلادیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو ٹیم ابتداء میں مشکلات کا شکار ہوئی، میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کرنے سے قبل ہی 44 رنز کی برتری حاصل ہوئی تاہم اس کے اوپنرز ٹیم کو ایک بار پھر اچھا آغاز نہ فراہم کر سکے۔
میزبان ٹیم کو دوسری اننگز میں اپنی پہلی اور دوسری وکٹ کا نقصان 14 کے اسکور پر ہوا جب شادمان اسلام 1 اور نجم الحسن شانتو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ٹیم کا اسکور 15 پر پہنچا تو مومن الحق بھی صفر پر پویلین چلتے بنے، 18 رنز بنانے والے سیف حسن 25 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی پانچویں وکٹ 43 رنز پر گری، آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے جنہوں نے 16 رنز بنائے جبکہ میزبان ٹیم کی چھٹی وکٹ مہدی حسن کی شکل میں 115رنز پر گری، وہ 11 رنز بناسکے۔
میزبان ٹیم کی ساتویں وکٹ یاسر علی کی جگہ کنکشن قانون کے تحت آنے والے کھلاڑی نورالحسن کی گری، جنہوں نے 15 رنز بنائے جبکہ نصف سنچری بنانے والے لٹن داس شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے۔
اس کے بعد آنے والے کھلاڑی ابو جاوید بھی کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے جبکہ بنگلادیش کے آخری کھلاڑی عبادت حسین بھی کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 5 شکار کیے جبکہ حسن علی اور ساجد خان نے 2 ،2 وکٹ حاصل کیں۔