بیجنگ: عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ شدید اختلافات کے باوجود علاقائی سلامتی اور عالمی مسائل پر امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکا کے ساتھ مسائل پر بات چیت کے ساتھ حل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کی خاطر امریکا کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چین کے صدر نے ایک خط میں کیا، جسے امریکا میں چین کے سفیر کن گینگ نے واشنگٹن میں یو ایس چائنا تعلقات کے قومی کمیٹی کے عشائیے میں پڑھ کر سنایا۔
صدر شی جن پنگ کا اپنے خط میں مزید کہنا تھا کہ ہمارے درمیان اختلافات موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود چین علاقائی اور عالمی مسائل پر امریکا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔
چینی صدر کا مفاہمتی خط اس وقت سامنے آیا ہے جب چین امریکا کے صدور کی ورچوئل میٹنگ آئندہ ہفتے منعقد ہورہی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا سبب بننے والے مسائل پر گفتگو کی جائے گی۔
خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معاشی جنگ کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے چین پر اقتصادی پابندیاں عائد اور چینی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کردیا تھا، جس کے جواب میں چین نے بھی ایسا ہی کیا اور یہ مشق تاحال جاری ہے۔