امریکی اسپیکر کے دورہ تائیوان پر ہماری فوج خاموش نہیں بیٹھے گی، چین

بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو یہ خوف ناک سیاسی اثرات کا سبب بنے گا۔
امریکا کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی 4 ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں اور اس سلسلے میں وہ آج سنگاپور پہنچی ہیں، ان کے دورے میں تائیوان کا نام شامل نہیں، تاہم امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی تائیوان کا دورہ بھی کریں گی۔
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے دورہ تائیوان کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان خوفناک سیاسی اثرات کا سبب بنے گا۔
خیال رہے کہ تائیوان کے معاملے پر اس سے پہلے بھی چین اور امریکا ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکے ہیں، امریکی صدر جوبائیڈن کہہ چکے ہیں کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو ہم ہر صورت میں تائیوان کا دفاع کریں گے جب کہ چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے تائیوان کی علیحدگی کو روکنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

China WarnSpeaker Nancy palosi visit TaiwanUS