اسلام آباد: چین کی پاکستان سے گدھے اور کتے درآمد کرنے کی خواہش کا اظہار، وزارت تجارت کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو بریفنگ میں بتایا کہ چین پاکستان سے گدھے درآمد کرنے کا خواہاں ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کو بریفنگ دیتے ہوئے وزارت تجارت کے حکام کا کہنا تھا کہ چین گوشت برآمد کرنے کے لیے بڑی مارکیٹ ہے، قائمہ کمیٹی کے رکن دنیش کمار کا کہنا تھا چین کہتا ہے پاکستان گدھے اور کتے برآمد کرے۔
سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ چینی سفیر کئی بار گوشت برآمد کرنے کا کہہ چکے ہیں، سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ افغانستان میں جانور سستے ہیں، پاکستان وہاں سے درآمد کرکے گوشت برآمد کرسکتا ہے۔
وزارت تجارت کے حکام نے بتایا کہ لمپی اسکن بیماری کے باعث افغانستان سے وقتی طورپر جانور درآمد کرنے کی اجازت نہیں۔
قائمہ کمیٹی نے پانچ برآمدی شعبوں پر دی جانے والی بجلی سبسڈی واپس لینے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
وزارت تجارت کے حکام کا کہنا تھا کہ سبسڈی واپس دینے کے لیے وزارت خزانہ کے سامنے معاملہ اٹھایا ہے، برآمدی شعبوں کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔
قائمہ کمیٹی نے سفارش کی کہ حکومت برآمدی صنعت کو بجلی کی سبسڈی کا معاملہ جلد حل کرے۔