بیجنگ: سابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سمیت ٹرمپ انتظامیہ کے 28 اہم عہدیداروں پر چین نے پابندیاں عائد کردیں۔
چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے 28 افراد پر پابندیاں اس لیے عائد کی گئی ہیں کہ وہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہے تھے۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے جن افراد پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ انہوں نے چین کے مفادات کے خلاف منصوبہ بندی کی اور مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، ٹرمپ انتظامیہ کے ان اقدامات سے چینی عوام میں اشتعال پھیلا اور چین امریکا تعلقات کو شدید نقصان پہنچا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پابندی کا شکار افراد اور ان کے اہل خانہ پر چین، ہانگ کانگ اور مکاؤ میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے جب کہ ان افراد میں سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو سرفہرست ہیں جب کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد مشیر بھی اس میں شامل ہیں۔