سعودی عرب نے خانہ کعبہ کے اطراف اور مسجد الحرام کے احاطے میں 12 سال سےکم عمر بچوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 12 سال سے کم عمر بچے عمرہ اور نماز کے اجازت ناموں کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔
وزارت کی جانب سے کہا گیا ہےکہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو توکلنا ایپ کے ذریعے اجازت نامہ جاری نہیں ہوگا۔ ہدایت نامے کے مطابق کوئی بھی شخص پیشگی اجازت کے بغیر مسجد الحرام میں داخل نہیں ہوسکتا۔
خیال رہے کہ کورونا کی وبا کے پیش نظر حرمین کی انتظامیہ نے گذشتہ برس سے بچوں کو حرمین شریفین میں لانے سے منع کیا ہوا ہے۔ کورونا سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر پابندی لگائی گئی ہے۔
اس سے قبل وزارت حج و عمرہ نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے بارہ سے اٹھارہ برس کے افراد کو مسجد الحرام میں داخلے کی اجازت دی تھی۔
عمرے کا اجازت نامہ ’اعتمرنا‘ ایپ سے حاصل کیا جاتا ہے ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والے بارہ سے اٹھارہ برس کے افراد اعتمرنا اور توکلنا ایپس کے ذریعے اجازت نامے حاصل کر سکتے ہیں۔
مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں 17 اکتوبر کو تقریباً ڈیڑھ سال سے زائد عرصے بعد سماجی فاصلہ ختم کیا گیا اور سماجی فاصلے کے بغیر نماز ادا کی گئی۔