خرطوم: سوڈان میں انوکھا واقعہ رونما ہوا ہے کہ پولیس نے کم عمر لڑکے کو موت کے گھاٹ اتارنے کے الزام میں گائے کو گرفتار کرلیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق گائے کو گرفتار کرنے کا عجیب و غریب واقعہ افریقی ملک سوڈان کے جنوب میں پیش آیا، جہاں ایک گائے پر بچے کے قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پولیس کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کی شام گائے فارم کے باہر گھوم رہی تھی کہ اچانک اس نے بچے پر حملہ کردیا۔
حملہ اتنا شدید تھا کہ 12 سالہ بچہ تاب نہ لاسکا اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بچے کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں سے اسے آخری رسوم کی ادائیگی کے لیے گھر منتقل کردیا گیا۔
سوڈان کی پولیس نے بچے کے قتل کے الزام میں گائے اور مالک کو گرفتار کرلیا جن پر مقدمہ چلایا جائے گا۔