راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے جنوبی افریقا کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل روڈزانی مافوانیا نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دلچسپی کے مختلف شعبوں، دوطرفہ تعاون، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں شخصیات نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور گہرے تعلقات کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقا کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔
قبل ازیں، جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر تینوں افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔