کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی آئین میں کہیں گنجائش نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

سیہون: وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا خیال دماغ سے نکال دیا جائے۔
صوبائی وزیر آب پاشی سہیل انور سیال کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سیہون کے شہر جوہی پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے سیلابی پانی سے متاثرہ جوہی، واھی پاندھی روڈ اور ایف پی بند کا معائنہ کیا۔
مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی بند میں 8 مقامات پر شگاف پڑے، قمبر شہداد کوٹ سے منچھر جھیل تک بارشوں سے کافی نقصان ہوا، متاثرین کی رہائش کے لیے چار ہزار ٹینٹس کی ضرورت ہے جن میں سے 33 سو ٹینٹ تیار ہوچکے ہیں، جوہی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئین میں کہیں گنجائش نہیں کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے، اگر کسی کے دماغ میں کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی ہوا بھری ہے تو وہ دماغ سے نکال دے، اگر کوئی ایسا ایکشن لیا بھی گیا تو سندھ کے عوام اس فیصلے کے خلاف جائیں گے۔

Chief minister sindhfederalkarachi