لاہور: پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کو ذکاء اشرف کی جگہ پی سی بی گورننگ بورڈ کے لیے بھی نامزد کردیا گیا ہے۔ ذکاء اشرف کا استعفیٰ منظور کرکے محسن نقوی کو پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیراعظم پاکستان نے نامزد کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات دو ہفتوں میں کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ محسن نقوی کی تقرری کا نوٹیفکیشن آج جاری ہوسکتا ہے۔
نامزد مینجمنٹ کمیٹی سربراہ اور ممبر گورننگ بورڈ محسن نقوی نے ذمے داریاں ملنے کی تصدیق کردی ہے۔ ان کا موقف ہے کہ وہ ملکی کرکٹ درست سمت میں لانے کی کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ 19 جنوری کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذکا اشرف نے بطور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی اور ممبر بورڈ آف گورنرز کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔