اسلام آباد: جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
اُن کی حلف برداری تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، اعلیٰ عدلیہ کے ججز، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور، گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سلیم حیدر، وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
علاوہ ازیں حلف برداری تقریب میں سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی شریک ہوئے۔
خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کی ویب سائٹ اپ ڈیٹ کردی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی حلف برداری تقریب کے بعد صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ گئے اور اکٹھے چائے پی۔ بعدازاں چیف جسٹس مہمانوں کے درمیان آگئے اور وہاں موجود لوگوں سے ملے، مہمانوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والد صاحب ایک عظیم آدمی تھے، میں ان کے برابر نہیں ہوں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری میں 3 سابق چیف جسٹسز افتخار محمد چوہدری، تصدق حسین جیلانی اورعمر عطا بندیال نے بھی شرکت کی۔ عمرعطا بندیال جب چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملے تو انہوں نے ان کو خوش آمدید کہا۔ عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہمیں تو اپنے ادارے کا احترام اور وقار چاہیے۔