کراچی/ لاہور/ اسلام آباد/ کوئٹہ/ پشاور: پاکستان بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم آج ہے، اس ضمن میں ملک بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ سندھ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ اسی طرح پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی اور اسلحہ کی نمائش بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
ملک بھر میں امام حسین اور ان کے رفقاء شہداء کربلا کا چہلم مذہبی عقیدت و احترام سے آج منایا جارہا ہے، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
سندھ، پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے کے مختلف شہروں میں چہلم شہدائے کربلا پر جلوس نکالے جارہے ہیںِ، جو شام میں اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔
کراچی میں چہلم امام حسین کا مرکزی جلوس دوپہر میں نشتر پارک سے برآمد ہوا، جلوس نمائش، ایم اے جناح روڈ سمیت روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کی قیادت بوتراب سکاؤٹ کرے گی، شرکاء نوحہ خوانی وماتم کریں گے، جلوس کے راستوں میں پانی کی سبیلیں اور طبی کیمپ لگائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے، جلوس کی گزرگاہوں پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جب کہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔