چارسدہ: پولیس نے چارسدہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
پشاور کے نواحی علاقے چارسدہ میں محرم الحرام کے موقع پرشبقدر پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جب کہ دہشت گردوں کی نشان دہی پر بارودی مواد اور 3 ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کرلیے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں دہشت گرد کمانڈر کا سہولت کار بھی شامل ہے، دہشت گردوں نے تھانے پر حملے کے لیے ایک خودکُش بمبار کو تیار کیا تھا، دہشت گرد سرو کلے و شبقدر پولیس موبائل اور پولیس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد بھتہ خوری اور ماضی میں ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے، 2014 میں اسی گروپ نے پرمجیت سنگھ سے بھتہ مانگا اور انکار پر پرمجیت سنگھ کو قتل کردیا تھا۔
چارسدہ پولیس کے مطابق دہشت گردوں سے بھتے میں استعمال ہونے والے 3 افغانستان کے سم جیکٹ بھی برآمد ہوئے ہیں جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے۔