اسلام آباد: پاکستان میں اگلے سال منعقدہ ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ میں بھارت کی عدم شرکت پر وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کسی دوسری ٹیم کو مدعو کرنے کی تجویز دی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے حکومتی ایڈوائس پر قانونی مشاورت مکمل کرلی، جس کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے پی سی بی کو پیغام دیا ہے کہ بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کے لیے کام کیا جائے۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی کو بھارت کے متعلق پالیسی پر گائیڈلائنز سے آگاہ کردیا ہے، جس کی روشنی میں آئی سی سی سے بھارتی انکار کی وضاحت مانگی جائے گی۔
آئی سی سی نے پی سی بی کے نام ای میل میں بھارتی ٹیم کے انکار پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ بی سی سی آئی نے زبانی طورپر آگاہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت ٹاکرا پاکستان کے بغیر نہیں ہوسکتا ہے، بھارت کے ساتھ پاکستان کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے۔
حکومتی حکام نے پی سی بی کو ہدایت کی کہ اس مسئلے پر دوسرے بورڈز کو بھی اعتماد میں لیا جائے کہ پاکستان نے ہمیشہ مثبت رویہ اور طرز عمل اپنایا ہے، لہٰذا اب بھارت کے پاس اخلاقی اور قانونی طور پر پاکستان نہ آکر کھیلنے کی گنجائش نہیں رہتی۔
خیال رہے کہ 1996 میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا جب کہ 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف ٹیموں کو پوائنٹس دے دیے تھے۔