چیئرمین کرکٹ بورڈ رمیز راجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل ہی دبئی روانہ ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ دبئی میں فائنل دیکھنے کے علاوہ آئی سی سی میٹنگز میں بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی میٹنگز کا آغاز 16 نومبر سے ہو گا، میٹنگ میں اگلے سرکل کے لیے ایونٹس کے میزبان ممالک کے فیصلے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سفر سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد اختتام پذیر ہوا ، پندرہ دن تک پاکستانیوں کو خوشیاں دینے والی ٹیم فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہی۔
ٹیم کی شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کاکہنا ہے کہ کرکٹ ٹیم نے قوم کو حقیقت میں متحد کیا ہے، انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں شاندار کارکردگی دِکھانے پر تعریف کی۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ٹیم نے حقیقت میں سرزمین کوصحیح معنوں میں متحد کیا اور وعدے کے مطابق ان کے موڈ کو اچھا کردیا۔‘
انہوں نے قومی کرکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ’ ہم آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور جس طرح لڑے ہمیں فخر ہے۔ شاباش لڑکوں‘۔