راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بحرین کا دورہ کیا۔ انہوں نے بحرین کے بادشاہ شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، وزیراعظم سمیت اعلیٰ سول اور ملٹری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں جیو اسٹرٹیجک صورت حال، سیکیورٹی چیلنجز اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خطے کےامن و سلامتی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
اس موقع پر بحرین کے حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے، پاکستان عالم اسلام کا ایک مضبوط ستون اور طاقت ہے۔
جنرل ندیم رضا نے فوج کے کمانڈرز سے بھی ملاقاتیں کیں، جس میں پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنرل ندیم رضا نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔