امریکی یومِ آزادی کی تقریب میں پاکستان کے ساتھ مسلسل شراکت داری کا جشن

اسلام آباد: ریاست ہائے متحدہ امریکا کے 248 ویں یومِ آزادی کا جشن منانے کے لیے امریکی سفارت خانہ اسلام آباد میں ایک رنگارنگ اور پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ "میڈ اِن یو ایس اے” کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں امریکا اور پاکستان کے درمیان پائیدار شراکت داری کو اُجاگر کیا گیا اور دونوں ممالک کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ اپنے شہریوں کو خوش حال مستقبل فراہم کرسکیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے تقریب کے مہمان ِخُصوصی وفاقی وزیر برائے ترقیاتی منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال تھے۔


پاکستان کے سرکاری حکام، کاروباری، تدریسی، سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات اور سفارت کاروں نے اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین آزادی، جمہوریت اور معاشی خوش حالی کی مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا۔ موسیقی، لذیذ پکوانوں اور ثقافتی روایات سے مزین یہ تقریب ریاست ہائے متحدہ امریکا کے تنوع کی بھرپور عکاسی کررہی تھی جب کہ آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے جشنِ آزادی کو مزید رنگوں سے نکھار دیا۔


امریکا اور پاکستان کے متعدد شعبوں میں تعاون پر محیط تعلقات شراکت داری کی طویل تاریخ پر مبنی ہیں۔ توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں پاکستان میں متعدد بڑے آبی ذخائر امریکی تعاون سے تعمیر کیے گئے۔ نجی شعبے میں درجنوں امریکی کمپنیاں لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرتی ہیں اور اہم تحقیقی اور ترقیاتی اثاثے فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبےامریکی تعاون سے مضبوط کیے گئے ہیں۔ پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہونا امریکا کے لیے باعث فخر ہے جب کہ پاکستانی ان تجارتی تعلقات سے بہت زیادہ استفادہ کرتے ہوئے ہر سال اربوں ڈالر مالیت کی برآمدات امریکی منڈیوں کو فراہم کرتے ہیں۔ مزید برآں، تبدیلی کا حامل یو ایس پاکستان گرین الائنس فریم ورک موسمیاتی مشکلات سے نمٹنے کی پاکستانی استعداد کار کو مضبوط بناتے ہوئے پاکستان کی شفاف توانائی کی جانب کوششوں میں مددگار ہے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات دونوں ممالک کو بڑی بڑی مشکلات کا سامنا رہا ہے، جیسےسیلاب، جنگ، وبا، یا معاشی بحران مگر ہم میں سے جن بھی افراد نے اس تعلق کو مضبوط بنانے میں مِل جُل کر کام کیا ہے، وہ اس امر کے معترف رہے ہیں کہ ہماری شراکت داری ہمیشہ ہماری قومی خوش حالی اور سلامتی میں اضافہ کی جانب جاری طویل سفر کا کلیدی حصہ رہی ہے۔


اس تقریب نے امریکا اور پاکستان کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے معاشی روابط میں وسعت، ثقافتی تبادلوں میں فروغ اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید تعاون کے مشترکہ عزم کی بھی تائید کی۔ ریاست ہائے متحدہ امریکا کے یوم ِ آزادی کے موقع پر دونوں ممالک نے مشترکہ بحرانوں سے نمٹنے اور روشن مستقبل کے مواقع سے مستفید ہونے کی خاطر باہمی اقدامات کا بھی عزم کیا۔

248th Independence DayAhsan IqbalAmerican Embassy in IslamabadCelebratingfederal ministerIslamabadUSA