کارڈینل رابرٹ پری ووسٹ نئے پوپ منتخب، افتتاحی عبادت 18 مئی کو ہوگی

ویٹی کن سٹی: کارڈینل رابرٹ پری ووسٹ کو کیتھولک مسیحیوں کا نیا پوپ منتخب کرلیا گیا ہے۔
نئے پوپ کا انتخاب کم از کم 4 مرتبہ کی ووٹنگ کے بعد ہوا ہے، رابرٹ پری ووسٹ تاریخ میں پہلے امریکی پوپ ہیں اور وہ پوپ لیو چہاردہم کہلائیں گے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق رابرٹ پری ووسٹ 2023 میں کارڈینل بنے، اس سے قبل وہ 2015 سے 2023 تک پیرو میں بطور بشپ کام کرتے رہے۔
گزشتہ ماہ پوپ فرانسس کے بعد پوپ بننے والے 69 سالہ رابرٹ پری ووسٹ کیتھولک مسیحیوں کے 267 ویں پوپ ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رابرٹ پری ووسٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جان کر فخر ہوا کہ وہ پہلے امریکی پوپ ہیں، ٹرمپ نے پوپ لیو سے ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
ویٹی کن نے اعلان کیا ہے کہ نئے منتخب شدہ پوپ لیو چودھویں کی باقاعدہ افتتاحی عبادت (اناؤگریشن ماس) اتوار 18 مئی کو سینٹ پیٹرز اسکوائر میں منعقد کی جائے گی۔
امریکا سے تعلق رکھنے والے کارڈینل رابرٹ پروسٹ کو گزشتہ روز 133 کارڈینلز کے اجلاس کے بعد نیا پوپ منتخب کیا گیا تھا۔
رابرٹ پروسٹ نے نیا پوپ بننے کے بعد اپنے لیے لقب پوپ لیو (چودھویں) پسند کیا ہے اور اب انہیں اسی نام سے پکارا جائے گا۔
نئے پوپ بننے کے بعد روایت ہے کہ ایک خصوصی ’’افتتاحی عبادت‘‘ سے ان کے منصب کا باضابطہ آغاز کیا جاتا ہے۔
جس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات، مذہبی رہنما اور زائرین شرکت کرتے ہیں۔
ویٹی کن کے مطابق نئے پوپ لیو (چودھویں) کی افتتاحی عبادت 18 مئی کو ویٹی کن کے مرکزی مقام سینٹ پیٹرز میں اسکوائر میں ہوگی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نئے پوپ اپنی پہلی عوامی ملاقات بدھ 21 مئی کو منعقد کریں گے، جہاں وہ عالمی برادری سے خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ نئے پوپ لیو (چودھویں) نے آج جمعہ کو ویٹی کن کے مشہور سسٹین چیپل میں عبادت کی قیادت بھی کی۔

Cardinal Rober PrevostElected New PopeHeld 18 MayInaugural Mass