لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے نیب آفس حملہ کیس میں کیپٹن (ر) صفدر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں نیب آفس حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے پولیس کو کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
اس سے قبل سیشن عدالت میں نیب آفس حملہ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت کیپٹن (ر) صفدر کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ نیب آفس کے باہر پولیس اہلکاروں نے مریم نواز کی گاڑی پر حملہ کیا اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا، یہ سیاسی کیس ہے اس میں پولیس انسداد دہشت گردی دفعات شامل نہیں کرسکتی، گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
قبل ازیں ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد نے لیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 16 رہنماؤں کی ضمانتیں خارج کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی دفعات لگنے کے بعد ضمانتیں خارج کی تھیں۔