کراچی: پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی مقبول اداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ ہم ایسے شخص کے ساتھ کام نہیں کرسکتے جو اپنی بیوی پر تشدد کرتا ہو، اگرچہ وہ ایک بڑا فنکار ہو۔
اداکارہ ثروت گیلانی نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ جب تک کسی پر جرم ثابت نہیں ہوجائے، ہمیں کام سے انکار نہیں کرنا چاہیے، لیکن اگر آپ سمجھتے ہیں کہ کسی نے اپنے ساتھی کے ساتھ برا کیا ہے تو آپ کو ایک موقف پر ڈٹ جانا چاہیے اور ایسے شخص کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہیے۔
ثروت نے وضاحت کی کہ اگرچہ وہ شخص ایک بڑا فنکار اور اداکار ہو لیکن اگر بچوں پر جنسی حملوں یا بیوی پر تشدد میں ملوث ہو تو پھر اس کے ساتھ پروجیکٹ میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔
ثروت گیلانی نے ہالی وُڈ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جب می ٹو مہم شروع ہوئی تو متعدد خواتین فنکاروں نے ان فلم سازوں کے خلاف زبان نہیں کھولی جن پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے گئے، لیکن جب ان کو ضرورت پڑی تو انہوں نے اپنی بات عوام تک پہنچائی۔
انہوں نے اس تاثر کو غلط کہا کہ فن کو فنکار سے الگ ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ فن لوگوں کو خاموش کرنا نہیں ہے، یہ اظہار سکھاتا ہے۔