اسلام آباد: کابینہ سے 8 آئی پی پیز کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے منظور کرلیے گئے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 8 انڈپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 8 آئی پی پیز کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ان آئی پی پیز سے بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے نیپرا سے رابطہ کرے گی اور آئی پی پیز سے معاہدوں کے بعد عام صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی ہوگی۔
وفاقی کابینہ نے بتایا کہ آئی پی پیز معاہدوں سے قومی خزانے کو 238 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ 8 آئی پی پیز میں جے ڈی ڈبلیو یونٹ ون، یونٹ ٹو، آر وائے کے ملز، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، المعیز انڈسٹریز، تھل انڈسٹریز اور چنار انڈسٹری شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عام آدمی کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، ہمارے ہر فیصلے اور اقدام میں قومی مفاد مقدم رہنا چاہیے، ملک میں نجی شعبے اور صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔