قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جاسکتا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی معاشی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
معاشی ٹیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود ہمارے معاشی اشاریے مثبت ہیں، برآمدات اور ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس وقت مہنگائی پوری دنیا کا مسئلہ ہے جب کہ پاکستان میں مہنگائی دیگر ممالک کی نسبت کم ہے، خطے میں سب سے کم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے ہر ممکن انتظامی اور پالیسی فیصلے کررہی ہے، مثبت معاشی اشاریوں کا فائدہ براہ راست عوام کو ملنا چاہیے، آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ جمعہ کو اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک بھر میں سرکاری سطح پر یوم احتجاج منانے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے جمعہ کو سرکاری طور پر یوم احتجاج منانے کے لیے تیاری کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں شہباز شریف کیس میں دائر اپیل پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، کسی سے ذاتی مسئلہ نہیں، قومی دولت لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑا جاسکتا، قانون کی حکمرانی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہماری 25 سالہ سیاسی جدوجہد انصاف اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد ہے، احتساب کا عمل اور قانون کی حکمرانی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

Cabinet meetingisraelpalestinePM Imran KhanShahbaz sharif