وفاقی کابینہ میں ردوبدل، شیخ رشید وزیر داخلہ، حفیظ شیخ وزیر خزانہ مقرر!

اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں بڑی سطح پر ردوبدل کیا گیا ہے۔ شیخ رشید کو وزارت ریلوے سے ہٹاکر وزیر داخلہ بنادیا گیا۔ اعجاز شاہ کو وزیر انسداد منشیات کا قلم دان سونپا گیا ہے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو وزیر خزانہ کا منصب دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ میں بڑی سطح پر رد وبدل کی گئی ہے اور وفاقی وزیر شیخ رشید سے وزارت ریلوے کا منصب لے کر وزیرداخلہ بنادیا گیا ہے جب کہ ان کی جگہ وزارت ریلوے اعظم سواتی کو دے دی گئی ہے۔

اعجاز شاہ سے وزیر داخلہ کا قلم دان لے کر انہیں وزیر انسداد منشیات کا منصب دیا گیا ہے، اس سے پہلے وزارت منشیات کا منصب اعظم سواتی کے پاس تھا۔
اس سے قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلم دان دیا گیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ شیخ کے بعد مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر مقرر کرسکتے ہیں،عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو مارچ 2021 میں سینیٹر بنائے جانے کا امکان ہے، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد تینوں مشیر وفاقی وزیر بن سکتے ہیں۔

Cabinetchanging