اسلام آباد: مرکزی کابینہ نے فلسطین کے لیے امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں کابینہ نے فلسطین کے لیے امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔ منظوری کے بعد حکومت پاکستان فلسطین کے لیے طبی سامان بھجوائے گی۔
وفاقی کابینہ نے ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ ای سی سی نے آئی پی پیز کو 40 فیصد واجبات ادا کرنے کی منظوری دی تھی۔ وفاقی کابینہ نے کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنیٰ دینے کی اصولی منظوری دے دی جب کہ تکنیکی معاملات دیکھنے کے لیے معاملہ پیپرا کو بھجوادیا۔
کابینہ نے اقوام متحدہ کی چار گاڑیوں کو پاکستان کے راستے کابل لے جانے کی منظوری بھی دی۔ پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری دی۔
کابینہ نے ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلقہ ایس آر اوز جاری کرنے کی منظوری سمیت الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ نے نجی ایئرلائن کو پسینجر اینڈ کارگو لائسنس جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری موخر کرنے سمیت الیکٹرونک سرٹیفکیشن ایکریڈیشن کونسل کے ارکان تعینات کرنے کی منظوری موخر کردی۔
بیرون ملک پاکستانی مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات کرنے کی منظوری بھی موخر کردی گئی۔ دوسری جانب کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں سمیت کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔