کراچی: سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے زیادتی کے مجرموں کے ہاتھ اور پاؤں توڑ کر ان کی جنسی صلاحیت ختم کردینے کا مطالبہ کردیا۔
موٹروے زیادتی کیس پر ناصرف پورا ملک سراپا احتجاج بلکہ سول سوسائٹی اور عوام کی جانب سے بھی مطالبہ کیا جارہا ہے کہ ریپ کے مجرموں کو سرعام پھانسی دی جائے۔ شوبز انڈسٹری میں بھی اس واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، زیادتی کے مجرمان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
موٹروے واقعے سے متعلق بشریٰ انصاری نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر کہا کہ میں چاہتی ہوں زیادتی کے مجرموں کو زندہ رکھا جائے، انہیں پھانسی نہ دی جائے بلکہ ان کو ہاتھ، پاؤں اور ان اعضاء کے بغیر زندگی گزارنے دی جائے جس سے وہ خواتین کی زندگی کو برباد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی جنسی صلاحیت ختم کرکے ان کے ہاتھ اور پاؤں کو توڑ دینا چاہیے، تاکہ دوسروں کے لیے عبرت کا نشان بن جائیں۔
انہوں نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کو بھی اسی درد کے ساتھ زندہ رہنا چاہیے جو درد ہر روز ریپ کا شکار یا تیزاب سے جلائی گئی خواتین اور وہ والدین (جن کے بچوں کو زیادتی کے بعد ماردیا جاتا ہے) محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ملک میں اس وقت تک ہوتا رہے گا جب تک زیادتی کے مجرمان کو ایسی سزائیں نہ دی جائیں کیوں کہ پھانسی تھوڑی دیر کی سزا ہوتی ہے لہٰذا ان افراد کو ایسی سزا دے کر عبرت کا نشان بنانا چاہیے۔