اسلام آباد: سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے نیب کی جانب سے طلبی کو عدالت میں چیلنج کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق توشہ خانہ تحقیقات کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے قومی احتساب بیورو (نیب) میں طلبی کے نوٹس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے عدالت سے 17 فروری اور 16 فروری کے نوٹسز غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ درخواست پر فیصلہ آنے تک نیب انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کرنے سے روکا جائے۔
عدالت عالیہ اسلام آباد میں دی گئی درخواست میں بشریٰ بی بی نے استدعا کی کہ درخواست پر فیصلہ آنے تک نیب کو میرے خلاف تادیبی کارروائی سے روکنے کا حکم دیا جائے۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواست میں نیب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔