کراچی: سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ پالتو جانوروں کے شوقین افراد زیادہ جانور رکھنے کے بجائے کسی یتیم بچے کو گود لے کر پال لیں۔
اداکارہ بشریٰ انصاری کا ایک پوڈکاسٹ میں کہنا تھا کہ وہ ایسے لوگوں کو جانتی ہیں جو اپنے پالتو جانوروں پر لاکھوں روپے ماہانہ خرچ کرتے ہیں، اگر وہ کسی بچے کو گود لیں گے تو اس سے ثواب بھی ملے گا اور کل وہ بچہ ان کو سلام بھی کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر جانوروں کا شوق ہو تو ایک دو پال لیے جائیں لیکن درجنوں بلیاں اور کتے پالنے سے بہتر انسان کو پرورش دینا ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ پالتو جانوروں پر اپنی کمائی اور محنت صرف کرنے سے بہتر ہے کہ بچے گود لیے جائیں جس سے انسانی زندگی کا بھی بھلا ہوجائے گا۔