کراچی: سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور ریشم نے عامر لیاقت حسین کی قبر کُشائی کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے قبر کشائی کے فیصلے کو واپس لینے کی درخواست کی ہے۔
بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر ویڈیو کے ذریعے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے فیصلے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے درخواست کی کہ خدارا مرحوم کے بچوں پر رحم کریں، انہیں مزید اذیت میں مبتلا نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب بہت تکلیف میں ہیں، پچھلا پورا ہفتہ ہم نے دکھ میں گزارا، عامر لیاقت کا یوں دنیا سے جانا ناصرف ان کے دوستوں بلکہ دشمنوں کو بھی دکھی کرگیا، یوں تو ہر کسی کے جانے کا دن مقرر ہے، ہوسکتا ہے وہ ویسے ہی دنیا سے چلے جاتے لیکن اب جس طرح وہ گئے ہیں خدا کرے ایسا کسی دشمن کے ساتھ بھی نہ ہو۔
اداکارہ نے کہا کہ سب کہتے ہیں ان کی غلطیاں ہیں لیکن سوشل میڈیا نے ان کی غلطیوں کو اجاگر کیا، میں سمجھتی ہوں سوشل میڈیا ان بلاؤں میں سے ایک ہے جن کا قرآن میں ذکر ہے، سوشل میڈیا لوگوں کی زندگیاں برباد کرتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ خدارا اسے اب بخش دیں، پہلی بات یہ کہ عامر لیاقت کو کوئی کیوں قتل کرے گا وہ تو پہلے ہی روز مررہے تھے، ہم سب انہیں ماررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری مجسٹریٹ سے درخواست ہے کہ اس عام شہری کو ایک طرف کریں اور ان کے اہل خانہ اور بچوں کی بات سنیں کیونکہ اس وقت سب سے زیادہ وہ ہی متاثر ہیں، ابھی تو ان کے بچوں کو بہت کچھ دیکھنا ہے لہٰذا ان پر رحم کریں۔
اس ضمن میں اداکارہ ریشم کا کہنا تھا کہ سپرد خاک کے بعد قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم قبیح عمل ہے، اللہ تعالیٰ عامر لیاقت کے درجات بلند کرے۔