انسداد کورونا ویکسین لگواتے ہوئے بشریٰ انصاری کا دلچسپ تبصرہ

کراچی: بشریٰ انصاری جہاں اپنی شان دار اداکاری کے باعث ناظرین میں مقبول ہیں، وہیں دل چسپ فقرے بازی میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتیں۔
اداکارہ بشریٰ انصاری کووڈ 19 کی ویکسین لگانے پہنچیں تو دلچسپ انداز میں تبصرے کیے اور کہا کہ لوگ اب مزید نہیں چھپا سکیں گے کہ وہ 60 سال کے ہیں۔
معروف اداکارہ بشریٰ انصاری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے پہنچیں اور اس موقع کی ویڈیو انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی۔


ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہیں ویکسین لگائی جارہی ہے۔ اس دوران وہ کہتی نظر آرہی ہیں کہ میں یہ سب کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ ویکسین ہم سب کے لیے بے حد ضروری ہے۔
بشریٰ انصاری نے دلچسپ انداز میں کہا کہ آج سے پہلے سینئر سٹیزن ہونے کا اتنا مزا کبھی نہیں آیا جتنا اب آرہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک جو لوگ مان نہیں رہے تھے کہ وہ 60 سال کے ہوگئے انہیں اب ماننا پڑے گا، لوگ اب دوڑ دوڑ کر مان رہے ہیں تاکہ ویکسین لگوائی جاسکے۔
ویکسین لگانے کے بعد انہوں نے ڈاکٹر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

Anti corona vaccineBushra AnsariVideo