برہان وانی شہید کی آج چوتھی برسی!

سری نگر: کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفروانی شہادت کے بعد آزادی کی تحریک کو نیا رُخ دے گئے۔
قابض بھارتی فوج نے 22 سالہ کشمیری رہنما برہان وانی اور ساتھیوں کو ضلع اننت ناگ اسلام آباد میں 8 جولائی 2016 کو شہید کردیا تھا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی مزاحمتی تاریخ میں سب سے طویل مظاہروں کا آغاز ہوا۔
برہان وانی کے جنازے میں شریک لاکھوں کشمیریوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کو بتادیا کہ آزادی کی تحریک کو یوں کچلا نہیں جاسکتا۔
8 جولائی 2016 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی فضاؤں میں آزادی کے نعروں کی گونج پہلے سے زیادہ تیز ہوگئی اور جذبہ شہادت سے سرشار کشمیری، قابض بھارتی فوج کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے اور کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرنے لگے۔
نوجوان کشمیری برہان مظفر وانی شہید اور ساتھیوں کی چوتھی برسی پرمشترکہ حریت قیادت کی کال پر آج مکمل ہڑتال کی جارہی ہے۔
حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ ہڑتال کا مقصد عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری مقبوضہ وادی پر بھارت کے جبری تسلط کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور ہر قیمت پر حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب قابض بھارتی فوج نے مظاہرے روکنے کے لیے سیکڑوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

BarsiBurhan wani