آئی ایم ایف پروگرام کے باعث بجٹ کی تیاری تاخیر کا شکار

اسلام آباد: آئی ایم ایف پروگرام سے منسلک ہونے کی وجہ سے نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ٹیکس محصولات اوربجٹ خسارہ طے کرنے کے بعد باقی چیزیں طے ہوسکیں گی جب کہ وفاقی وزارتوں کے لیے ترقیاتی بجٹ کی حد بھی ابھی طے نہیں ہوسکی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ اسٹرٹیجی پیپر 2024-25 تاحال تیار نہیں ہوسکا ہے، حالانکہ بجٹ اسٹرٹیجی پیپر 22 اپریل تک منظور کرانے کا ہدف تھا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس بھی نہیں بلائے گئے جب کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس مئی کے دوسرے ہفتے میں شیڈول تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے لیے بجٹ دستاویزات کی تکمیل رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے جب کہ نئےمالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کو بھی وفاقی بجٹ پر بریفنگ دی جائے گی مگر قومی اسمبلی، سینیٹ کی خزانہ اور منصوبہ بندی کی قائمہ کمیٹیاں بھی ابھی تک تشکیل نہیں ہوئیں۔

budgetDelayedIMFPakistan