برطانوی شاہی خاندان کے اختلاف پر سوشل میڈیا صارفین کے شگوفے!

کراچی: برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری کے انٹرویو میں کیے گئے تہلکہ خیز انکشافات نے عالمی سطح پر طوفان برپا کر رکھا ہے۔
ایک طرف جہاں لوگوں کی اکثریت شاہی جوڑے کی حمایت میں کھڑی ہے تو وہیں دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین مختلف اور منفرد میمز شیئر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹوئٹر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے میگھن مارکل اور ہیری کی اوپرا ونفرے کے شو میں کی گئی گفتگو کو پاکستانی خاندانوں میں ساس بہو کے جھگڑوں سے مماثلت دیتے ہوئے دلچسپ ٹوئٹ شیئر کیے جارہے ہیں۔
ایک صارف نے ملکہ الزبتھ اور شہزادہ چارلس کی ایڈٹ تصویر شیئر کی جس پر پاکستانی خاندانوں میں استعمال کیا جانے والا عام جملہ درج تھا، اتنا پیارا بچہ تھا ہمارا ہیری، اسی چڑیل نے ہی اسے پٹیاں پڑھائی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے میگھن کے ساتھ اوپرا ونفرے کے بجائے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کی اداس تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کرتے ہوئے سوال پوچھا سسرال پر کبھی کوئی دم یا تعویذ کیا ہے؟
ایک صارف نے میگھن اور ہیری کے انٹرویو والی تصویر پر لکھا کہ جب ملکہ ایک بار میگھن کے پاس آئیں اور کہا کہ پنکھا بند کرو، تمہارے باپ کا گھر نہیں ہے۔
اسی طرح کے دیگر شگوفے سوشل میڈیا صارفین نے تخلیق کیے ہیں، جنہیں اکثر لوگ وائرل کررہے ہیں۔

british royal familyInterviewmeghan marklememesPrince Harrysocial Media