لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے لاہور جیم خانہ میں منعقدہ اپنے سولو کنسرٹ میں شاندار گیت، غزل اور انگریزی گانے پیش کرکے دھوم مچادی۔
سائرہ پیٹر کے چار گھنٹے جاری رہنے والے کنسرٹ میں جیم خانہ کے ارکان جھومتے رہے اور اپنی پسند کے سدابہار گیت اور مقبول غزلیں فرمائش کرکے سنتے رہے۔ اس موقع پر چیئرمین جیم خانہ میاں مصباح نے عمدہ پرفارمنس پر اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کو خوشبوؤں کے تحائف پیش کیے۔
سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ جب بھی لندن سے پاکستان آتی ہوں تو بے پناہ پیار اور موسیقی کے دیوانوں کی محبتیں سمیٹ کر جاتی ہوں۔ جیم خانہ لاہور کے ارکان موسیقی کو سمجھتے ہیں اور پھر ان کی فرمائشوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی نظریں پاکستانی کلاسیکی موسیقی پر بہت گہری ہیں۔ سائرہ پیٹر کو سب سے زیادہ داد فیض احمد فیض کے کلام ہم دیکھیں گے، ہونٹوں پر کبھی میرا نام ہی آئے اور کلاسیکل نظم ابھی تو میں جوان ہوں، گانے پر ملی۔
کنسرٹ کے بعد چیئرمین جیم خانہ کی جانب سے سائرہ پیٹر کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔ یوں مختلف زبانوں کے گیتوں سے سجی یادگار محفل رات گئے اختتام پذیر ہوئی۔