لندن: سلطنت برطانیہ پر سب سے زیادہ طویل عرصے راج کرنے والی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کو ونزر محل میں سپردخاک کردیا گیا۔
7 دہائیوں پرمشتمل تاریخی عہد کا جذبات اور شان و شوکت کے ساتھ اختتام ہوا، شاہی گھرانے کے افراد کی موجودگی میں ملکہ کی آخری رسوم کی ادائیگی ونزر محل کے کنگ جارج ششم میموریل چیپل میں ہوئی۔
ملکہ کا تابوت سینٹ جارج چیپل کے نیچے قائم رائل والٹ میں اتارا گیا، اس سے قبل تابوت کو شاہی جلوس میں ویسٹ منسٹر پیلس سے ویسٹ منسٹر ایبی تک لایا گیا تھا۔
اس کے بعد تاریخی چرچ ویسٹ منسٹر ایبی میں دعائیہ تقریب میں دو ہزار افراد نے شرکت کی، تقریب کے بعد شاہ چارلس نے ملکہ کے پرچم کو تابوت پر رکھا، لارڈ چیمبرلین نے اپنی سرکاری چھڑی توڑ کر تابوت پر رکھی۔
آنجہانی ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا بھر سے سربراہان مملکت، اہم شخصیات، برطانیہ کے سینئر سیاست دان اور سابق وزرائے اعظم نے شرکت کی۔
پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف نے کی، تقریب کے اختتام پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور برطانوی ترانہ چلایا گیا۔
دھیان رہے کہ ملکہ کی آخری رسوم میں برطانیہ بھر سے 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔