اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے 666 کشمیریوں کو شہید کیا۔
انہوں نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 5 اگست 2019 کے یک طرفہ، غیر قانونی بھارتی اقدامات کے خلاف ملک بھر میں 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر منایا گیا جب کہ دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کیا گیا۔
ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ دفتر خارجہ کے زیر اہتمام وزیر دفاع اور سیکریٹری خارجہ کی زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیا گیا، ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کی الارمنگ صورت حال کو اجاگر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف اسلامک کوآرڈینیشن (او آئی سی) کو خطوط بھی لکھے گئے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تین نسلیں عالمی برادری کے استصواب رائے کے وعدے کو پورا کرانے کی منتظر ہیں جبکہ بھارتی افواج کی جانب سے رواں برس مقبوضہ کشمیر میں 666 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔
عاصم افتخار نے خارجہ امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جب کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان ریجنل منسٹریل اجلاس میں شرکت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے سنگاپور، جاپان، ویت نام، کوریا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں جب کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ نے جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ کا استقبال کیا، ترجمان دفترخارجہ کے مطابق جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ کی جانب سے یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے ایس سی او ایس ٹی آی پی کے علاقائی ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی جبکہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے خارجہ امورکی جانب سے فیٹف سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی گئی۔