مکہ المکرمہ: برازیل سے تعلق رکھنے والی خاتون فٹ بالر کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کرکے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلین فٹ بالر کیتھلین سوزا سعودی عرب میں مقیم ہیں اور وہ سعودی فٹ بال کلب النصر میں بطور کپتان خواتین فٹ بال ٹیم کی نمائندگی کرتی ہیں۔
برازیلین فٹ بالر نے حال ہی میں اسلام قبول کیا اور اب عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
اس حوالے سے فٹ بال کلب النصر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کرلیا ہے اور انہوں نے اپنی دوستوں کے ساتھ عمرہ بھی ادا کیا۔
فٹ بال کلب کی جانب سے جاری ویڈیو میں خاتون فٹ بالر کو جذباتی ہوتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جب کہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کیتھلین سوزا کو مبارک باد دینے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔